اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات اور پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اکانومی میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دیں گے۔نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف اور متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنزعمر سلطان العلامہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات جی ٹیکس 2023کے موقع پر منعقد ہوئی جس میں پاکستان 27 سے زائد کمپنیوں اور 45 سے زائد اسٹارٹ اپس کے ساتھ ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان برانڈ کے تحت شرکت کر رہا ہے۔ ڈاکٹر عمر سیف نے عمر سلطان العلامہ نے پاکستان کی ٹیک پوٹینشل کے بارے میں بتایا جس میں پاکستانی یونیورسٹیوں کے ذریعے ہزاروں آئی ٹی گریجویٹس تیار کیے جا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اسٹارٹ اپ کلچر بھی بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے جی ٹیکس کی بھی تعریف کی جو نمائش کنندگان کو صنعت کے اہم شراکت داروں کے ساتھ بات چیت اور نیٹ ورک قائم کرنے، کاروباری مواقع تلاش کرنے اور دنیا بھر میں ہونے والی اہم پیش رفتوں کو جاننے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔عمر سلطان اولامہ نےجی ٹیکس گلوبل 2023 میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شرکت کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے حکومتی سرپرستی میں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے گورنمنٹ ایکسیلنس پروگرام (جی ای ای پی) کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔