متحدہ عرب امارات سے طبی امداد کی نئی کھیپ غزہ کے طبی مراکز تک پہنچ گئی

3
New shipment of medical aid from the UAE arrives at medical centers in Gaza
New shipment of medical aid from the UAE arrives at medical centers in Gaza

غزہ۔25جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی جانب سے ’’آپریشن الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت غزہ کو طبی امداد کی نئی کھیپ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے غزہ کے مختلف طبی مراکز تک پہنچائی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اماراتی فیلڈ ہسپتال کے ذریعے جنوبی غزہ میں پہنچائی گئی اس امدادی کھیپ میں ضروری ادویات، ہنگامی طبی سامان، اور بچوں کی نگہداشت کے لئے مخصوص آلات شامل تھے، جن کا مقصد موجودہ طبی بحران میں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔

امدادی پیکیج میں 150 مکمل طور پر لیس میڈیکل بیڈ اور 6 فیلڈ ٹینٹ بھی شامل تھے، جنہیں عارضی طبی یونٹس کے طور پر استعمال کیا جائے گا تاکہ ان ہسپتالوں پر دباؤ کم کیا جا سکے جو شدید نقصان کے باعث جزوی یا مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں ۔ یہ امدادی اقدام ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب غزہ کا صحت کا نظام تقریباً مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے، جہاں طبی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ادویات کی ترسیل میں رکاوٹیں درپیش ہیں۔

موجودہ صورتحال میں ہزاروں مریض، جن میں بچے، زخمی افراد اور دائمی امراض کے شکار شہری شامل ہیں، شدید خطرے سے دوچار ہیں۔امدادی سامان کی یہ کھیپ ’’آپریشن الفارس الشهم 3‘‘ کے تحت جاری امدادی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جو غزہ کے صحت کے شعبے کو درپیش سنگین چیلنجز کے پیش نظر فوری، مؤثر اور مسلسل امداد فراہم کر رہا ہے۔