ابوظہبی۔16جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے نئے تعینات ہونے والے سفیر طارق احمد نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے پاکستان ہائوس ابوظہبی میں خیر سگالی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون، عوامی رابطے بڑھانے کی کوششوں اور اسلام آباد اور کراچی سے ڈھاکہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ابو ظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں اطراف نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور بنگلہ دیشی باشندوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر ترمذی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کی بے پناہ صلاحیت دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
بنگلہ دیش کے سفیر طارق احمد نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے میں مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل بات چیت اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں سفیروں نے علاقائی امن، خوشحالی اور دو طرفہ روابط بڑھانے کے لیے اپنے مشترکہ وژن کی توثیق کی۔