متحدہ عرب امارات میں’’ فرنٹ لائن ہیروز فیسٹیول‘‘ 17 جنوری سے شروع ہوگا

142

ابوظہبی۔13جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں’’ فرنٹ لائن ہیروز فیسٹیول‘‘ 17 جنوری سے شروع ہوگا ۔امارات نیوزایجنسی’ وام ‘کے مطابق متحدہ عرب امارات میں’’ فرنٹ لائن ہیروز فیسٹیول‘‘ 17 جنوری سے 2 مارچ 2025 تک منایا جائے گا، جس میں کورونا وبا کے دوران فرنٹ لائن کارکنوں کی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

یہ فیسٹیول ملک بھر میں مختلف مقامات پر منعقد ہوگا، جس کا آغاز فجیرہ کے اوپن بیچ سے ہوگا۔ اس کے بعد یہ راس الخیمہ کے مرید بیچ، ام القیوین کے الخور واٹر فرنٹ، عجمان مرینہ، شارجہ کے فلیگ آئی لینڈ، دبئی کے کریک پارک سے گزرتا ہوا ابوظہبی کے کورنیش پر اختتام پذیر ہوگا۔

فیسٹیول میں ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں، انٹرایکٹو بوتھس، پرفارمنسز، بچوں اور خاندانوں کے لیے دلچسپ سرگرمیاں شامل ہوں گی، ساتھ ہی پینل مباحثے اور ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

فرنٹ لائن ہیروز آفس نے کہا کہ یہ فیسٹیول فرنٹ لائن کارکنوں اور ان کے خاندانوں کے لیے شکرگزاری اور تعریف کا پیغام پہنچانے کا ایک ذریعہ ہے۔ یہ ایونٹ ان کی خدمات کو سراہنے اور عوام اور ان کارکنوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔