دبئی۔6فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں مقیم بوہرہ کاروباری برادری کے ایک وفد نے جمعرات کو قونصل جنرل حسین محمد سے پاکستانی قونصل خانہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر تجارت و سرمایہ کاری کے قونصلر علی زیب خان بھی موجود تھے۔
جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی اورپاکستان سے درآمدات میں اضافہ پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں ٹیکسٹائل ، تازہ پھل اور سبزیاں ، جواہرات اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
وفد نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانے کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ حسین محمد نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کےلئے قونصل خانہ کی طرف سے کاروباری اقدامات میں سہولت اور معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کی ۔
انہوں نے وفد کو تجارتی عمل کو بہتر بنانے میں قونصل خانہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے قونصل خانہ پر دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اعتماد کا اظہارکیا اور ان کے تعاون کو سراہا ۔