متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں پانچ ماہ کے دوران 7.6 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار

89

اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 7.6 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرنومبر2020 تک کی مدت میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی ورکروں نے 2.444 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 7.6 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2.272 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق نومبر2020 میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 519.5 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال نومبرکے مقابلہ میں 12.98 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال نومبرمیں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 459.8 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال میں دوبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 2.034 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک بجھوایاجو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 5.4 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال نومبرمیں دوبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 1.931 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ابوظہبی میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 367.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.1 فیصد زیادہ ہے، شارجہ میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 28.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 891.1 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں شارجہ میں مقیم پاکستانیوں نے 2.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کے لئے ترغیبات اورسہولیات دینے کے نتیجہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں مجموعی طورپر 26.9 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ جولائی سے نومبر2020 تک کی مدت میں سمندرپارپاکستانیوں نے 11.769 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 26.9 فیصدزیادہ ہے، گذشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سمندرپارپاکستانیوں نے 9.275 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔