ابو ظہبی۔29اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قانون کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا ہوگا،یہ قانون 29 مارچ 2025 سے نافذ کیے جانے کی توقع ہے۔
اردو نیوز کے مطابق سڑک استعمال کرنے والے تمام افراد جن میں موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے شامل ہیں کے لیے نئے قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں،ان کے تحت ٹریفک قوانین کی8سنگین خلاف ورزیوں پر دو لاکھ درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ان میں نشے کے زیر اثر گاڑی چلانا، لائسنس کی معطلی کے باوجود گاڑی چلانا، جائے حادثہ سے فرار، حادثے میں کسی کی موت کا سبب بننا، مختص مقامات کے علاوہ سڑک کراس کرتے ہوئے ٹریفک حادثہ، سیلاب کے دوران وادی میں گاڑی چلانا شامل ہے۔
کسی عدالت یا ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کے حکم پر لائسنس کی معطلی کی صورت میں گاڑی چلانے پر تین ماہ قید اور دس ہزار درہم جرمانہ ہوگا یا دونوں میں سے کوئی ایک سزا دی جا سکتی ہے۔ نئے قانون میں ڈرائیونگ کی کم از کم عمر17 سال مقرر کی گئی ہے جو اس سے قبل 18 برس تھی، 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی حد والی شاہراہوں کو کراس کرنے سے روکا گیا ہے ،
مخصوص مقامات کے علاوہ سڑک کراس کرنا خلاف ورزی میں شامل ہے ٹریفک حادثہ پیش آنے کی صورت میں واک کرنے والے کو تین ماہ قید اور پانچ سے دس ہزار درہم جرمانے کی سزا کا سامنا ہوگا اس کے علاوہ الکوحل یا کسی نشے کے زیر اثر گاڑی چلانے یا گاڑی چلانے کی کوشش کرنے پر بھی 30 ہزارسے دو لاکھ درہم تک جرمانہ اور قید یا دونوں میں سے ایک سزا دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہٹ اینڈ رن کیس میں حکام سے عدم تعاون، معلومات چھپانے پر ایک سال قید اور 50 ہزار سے ایک لاکھ درہم تک جرمانہ یا دونوں میں سے ایک سزا ہوگی اس کے علاوہ تیز رفتار ڈرائیونگ پر کسی کی موت کی صورت میں قید اور 50 ہزار درہم جرمانے کا سامنا ہوگا۔