21.6 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمتحدہ عرب امارات میں چین کے نئے سال کی تقریبات جاری

متحدہ عرب امارات میں چین کے نئے سال کی تقریبات جاری

- Advertisement -

ابوظہبی۔30جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں چین کے نئے سال کی تقریبات جاری ہیں، جمعرات کو ابوظہبی میں چینی نئے سال کی تقریبات کا انعقاد ہوا ، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیاگیا۔متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق ابوظہبی کے ام الامارات پارک میں منعقدہ بڑی ثقافتی تقریب کا اہتمام چینی سفارت خانے اور چائنا میڈیا گروپ نے کیا ۔دبئی میں چین کے نئے سال کی تقریبات 24 جنوری کو شروع ہوئیں اور 2 فروری تک جاری رہیں گی۔یہ تقریبات چینی قونصل خانے کے زیر اہتمام منعقد ہو رہی ہیں اور ان میں 6بڑے ایونٹس شامل ہیں جن میں الیکٹرک کاروں کی نمائش اور لینٹرن فیسٹیول نمایاں ہیں۔

لینٹرن فیسٹیول چینی سپرنگ فیسٹیول کا اہم حصہ ہے جو چین کے سب سے بڑے روایتی تہواروں میں شمار ہوتا ہے۔دبئی فیسٹیولز اینڈ ریٹیل اسٹیبلشمنٹ نے چینی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے متعدد خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا ہے جن میں تفریح، خریداری اور ثقافتی سرگرمیوں کا منفرد امتزاج پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 50 ہزار درہم تک کے انعامات کی پیشکش کی گئی ہے جس میں لگژری کاریں بھی شامل ہیں۔ مشہور برانڈز فیشن، کاسمیٹکس اور الیکٹرانکس پر خصوصی رعایت دے رہے ہیں جو خریداری کے شوقین افراد کے لیے سنہری موقع ہے۔

- Advertisement -

تقریبات میں ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ آتش بازی کے شاندار مظاہرے بھی شامل ہیں جو تہوار کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ 26 جنوری کو ایکسپو دبئی میں فردوس آرکسٹرا کا خصوصی کنسرٹ منعقد کیا گیا جو موسیقی کے دلدادہ افراد کے لیے یادگار تجربہ ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ مہمان منفرد کھانے پینے کے تجربات سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں جبکہ ہوٹلز کے خصوصی پیکیجز انہیں تہوار کی خوشیوں میں شریک ہونے کا بہترین موقع فراہم کر رہے ہیں۔

یو اے ای میں چینی نئے سال کی تقریبات اہم سالانہ ایونٹ بن چکی ہیں جو دونوں ممالک کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں تقریباً 4 لاکھ چینی باشندے مقیم ہیں، یہ تقریبات انہیں اپنے ثقافتی تہوار کو منانے کا موقع فراہم کرتی ہیں جبکہ اماراتی شہریوں اور دیگر اقوام کے افراد کو چینی ثقافت اور روایات کو قریب سے جاننے کا موقع بھی ملتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553767

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں