اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں فروری کے دوران سالانہ بنیاد پر 19فیصد نمو ریکارڈکی گئی ۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق فروری میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 385ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلےمیں 19فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 324 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ جنوری کے مقابلے میں فروری میں یو اےای سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 6فیصد کمی ریکارڈکی گئی ۔ جنوری میں یواے ای سے ترسیلات زر کاحجم 408 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو فروری میں کم ہو کر 385 ملین ڈالر ہو گیا۔
جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں یو اے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے مجموعی طورپر 3.12 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں کام کرنے والےپاکستانیوں نے 3.20 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔