اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کی مدد سے متحدہ عرب امارات کے شہر ذخر العین میں گھر کو آگ لگنے کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں جنہیں او پی ایف کی ایمبولینسز کے ذریعے ان کے آبائی شہروں کو روانہ کر دیا گیا۔ جمعہ کی صبح متحدہ عرب امارات کے شہر ذخر العین میں گھر میں آگ لگنے کے نتیجہ میں باپ، دو بیٹے اور کزن سمیت 6 پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری کی ہدایت پر یو اے ای مشن اور او پی ایف نے میتوں کی واپسی کیلئے ضروری دستاویزات اور دیگر اقدامات سمیت پاکستان منتقلی کیلئے اقدامات کئے جس پر پیر کی صبح پی آئی اے کی پرواز پی کے 234 کے ذریعے 6 میتوں کو اسلام آباد لایا گیا۔ او پی ایف ذرائع کے مطابق محمد فاروق ولد محمد خان اور ان کے بیٹوں محمد خرم، محمد عمرکی میتوں کو کوہاٹ کیلئے روانہ کر دیا گیا جبکہ علی حیدر ولد لال بہادر، عید نواز خان ولد غریب نواز خان اور خیال افضل ولد محمد افضل کو ان کے آبائی علاقوں پشاور، ہنگو اور ڈیرہ آدم خیل کیلئے روانہ کر دیا گیا۔ اس سلسلہ میں او پی ایف نے 6 ایمبولینسز کا اہتمام کر رکھا تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں یو اے ای میں آگ لگنے کی وجہ سے 6 پاکستانیوں کی المناک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر ہمدردیاں یو اے ای میں وفات پا جانے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والا ہر پاکستانی ان کیلئے اہمیت کا حامل ہے اور ان کا خیال رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔