متحدہ عرب امارات نے بحیرہ احمر میں حملے کا شکار ہونے والے تجارتی جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا

38
AD Ports Group
AD Ports Group

ابوظہبی۔8جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے بحیرہ احمر میں حملے کا شکار ہونے والے تجارتی جہاز کے تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا ۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اے ڈی پورٹس گروپ کے زیرِ انتظام جہاز ،سیفین پرزم نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملے کا شکار ہونے والے لائیبیریا کے جھنڈے والے میجک سیز نامی یمنی تجارتی بحری جہاز کی مدد کی جس میں حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی اور اس پر موجود عملہ محصور ہو کررہ گیا تھا ۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت کے سرکاری بیان کے مطابق، میجک سیزپر حملے کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث عملے کو سخت سمندری حالات میں جہاز چھوڑنا پڑا۔وزارتِ خارجہ نے وضاحت کی کہ یو اے ای کے فوری امدادی اقدام کے تحت جہاز پر سوار تمام 22 افراد کو بچا لیا گیا، جن میں عملے کے اراکین اور سکیورٹی اہلکار شامل تھے۔

یہ امدادی کارروائی برطانوی بحری تجارتی آپریشنز (یو کے ایم ٹی او ) اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت انجام دی گئی، جس میں حفاظتی اقدامات اور ہنگامی ردعمل کے اعلیٰ ترین معیارات کو مدنظر رکھا گیا۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوری اور موثر کارروائی کو بین الاقوامی سمندری راستوں کی حفاظت اور سلامتی سے متعلق اس کے غیر متزلزل عزم کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔

حکام نے اس اقدام کو عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جو خطے میں بڑھتے ہوئے سٹریٹجک چیلنجز کے تناظر میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔