دبئی۔11فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےمتحدہ عرب امارات کو پاکستان کا قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے اماراتی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دی جبکہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور آئی ٹی جیسے اہم شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دبئی میں ملاقات ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔شیخ محمد بن راشد المکتوم نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کیلئے دعوت پر محمد بن راشد المکتوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نے سمٹ کے شاندار انعقاد کی تعریف کی جس نے عالمی رہنماؤں، پالیسی سازوں اور ماہرین کو طرز حکومت کے بہتر مستقبل پر عالمی گفتگو کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کاروبار اور جدت کے عالمی مرکز کے طور پر دبئی کی شاندار ترقی کو متحدہ عرب امارات کی دور اندیش قیادت کا ثبوت قرار دیا۔
متحدہ عرب امارات کو پاکستان کا قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالی جس کا مقصد توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور آئی ٹی جیسے اہم شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اماراتی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دبئی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں بشمول مصنوعی ذہانت اور موسمیاتی لچک کے اقدامات میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور اقتصادی اور سٹریٹجک تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی سرگرمیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی مستقل حمایت اور غیر معمولی دیکھ بھال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پاکستانی تارکین وطن کے تعاون اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔