متحدہ عرب امارات کا سوڈان ہیومینیٹیرین فنڈ کے لیے 5 ملین ڈالر امداد کا اعلان

ابوظہبی۔21جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کے ساتھ دستخط شدہ معاہدے کے تحت سوڈان ہیومینیٹیرین فنڈ کی حمایت کے لیے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا عہد کیا ہے، اس امداد کا مقصد سوڈان میں متاثرہ آبادیوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنا اور ہنگامی ردعمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ …

ابوظہبی۔21جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کے ساتھ دستخط شدہ معاہدے کے تحت سوڈان ہیومینیٹیرین فنڈ کی حمایت کے لیے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی انسانی امداد فراہم کرنے کا عہد کیا ہے، اس امداد کا مقصد سوڈان میں متاثرہ آبادیوں کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنا اور ہنگامی ردعمل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ معاہدہ یو اے ای ایڈ ایجنسی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کے درمیان طے پایا ہے جس کی تقریب میں چیئرمین یو اے ای ایڈ ایجنسی ڈاکٹر طارق احمد العامری بھی موجود تھے۔

معاہدے پر یو اے ای ایڈ ایجنسی کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاجسٹکس سپورٹ راشد سالم الشامسی اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کے متحدہ عرب امارات میں دفتر کی سربراہ ساجدہ الشوا نے دستخط کیے۔اس موقع پر ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ سوڈان میں جاری تنازع کے تناظر میں متحدہ عرب امارات اپنی فوری انسانی ہمدردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس تباہ کن خانہ جنگی سے متاثرہ افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات متنازعہ علاقوں میں جانیں بچانے اور فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سوڈان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد پڑوسی ممالک بشمول چاڈ، جنوبی سوڈان، یوگنڈا اور ایتھوپیا کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں، مشترکہ انسانی کوششوں اور فوری ردعمل کی متقاضی ہے تاکہ بحالی، استحکام اور متاثرہ افراد کو درپیش شدید چیلنجز میں کمی لائی جا سکے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور کی سربراہ ساجدہ الشوا نے سوڈان ہیومینیٹیرین فنڈ کے لیے متحدہ عرب امارات کی 5 ملین ڈالر کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم امداد اقوام متحدہ کی قیادت میں اور اس کے شراکت داروں کے ذریعے سوڈان میں کمزور اور متاثرہ کمیونٹیز تک بروقت اور جان بچانے والی انسانی امداد کی فراہمی کو مزید مؤثر بنائے گی۔

ساجدہ الشوا کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے پائیدار عزم، انسانی یکجہتی اور عالمی انسانی قیادت کی واضح عکاسی ہے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات سوڈان کی عوام کو درپیش انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے اپنے دیرینہ عزم کے تحت مسلسل امداد فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران 2015 سے 2025 تک متحدہ عرب امارات نے سوڈان کو مجموعی طور پر 4 ارب 24 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد فراہم کی جبکہ موجودہ بحران کے آغاز 2023 سے 2025 تک 78 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد مختص کی گئی۔

مزید خبریں