متحدہ عرب امارات کا غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم

128
Sheikh Abdullah bin Zayed Al Nahyan
Sheikh Abdullah bin Zayed Al Nahyan

ابوظہبی، ۔16جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی’’وام ‘‘کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے اور قیدیوں، یرغمالیوں اور حراست میں لئے گئے افراد کی رہائی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

شیخ عبداللہ بن زاید نے اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے قطر، مصر، اور امریکا کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ غزہ میں عوام کے مصائب کا خاتمہ کرے گا، مزید جانی نقصان کو روکے گا اور اس بحران کے حل کے لیے راہ ہموار کرے گا جو غزہ کی پٹی میں موجود سنگین حالات کا باعث بنا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فریقین کو تمام معاہدوں اور ذمہ داریوں کی پابندی کرنی چاہیے تاکہ فلسطینی قیدیوں اور اسرائیلی یرغمالیوں کی تکلیف کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متحدہ عرب امارات انسانی امداد کی فوری، مستقل اور بلا روک ٹوک فراہمی کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے تاکہ ضرورت مند شہریوں کو سہارا ملے، جو گزشتہ 15 ماہ سے شدید انسانی بحران کا شکار ہیں۔شیخ عبداللہ نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن عمل کو آگے بڑھانے اور ایسے غیر قانونی اقدامات کو ختم کرنے کی کوششوں کی حمایت کرے جو دو ریاستی حل میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات امن، انصاف اور فلسطینی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے اپنے عہد پر قائم رہے گا۔