العریش۔28اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے ’آپریشن الفارس الشهم 3‘کے تحت غزہ میں پانی کے کنویں کھودنے کا اعلان کیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے آپریشن الفارس الشهم 3‘‘نے جنوبی غزہ کی مقامی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ مل کر پانی کے کنویں کھودنے کی ایک نئی انسانی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، تاکہ شدید پانی کی قلت سے پیدا ہونے والے بحران کو کم کیا جا سکے۔یہ فوری اقدام انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے تاکہ بحران کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے ۔
یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب غزہ کی گزرگاہیں بند ہیں اور خوراک اور ایندھن کی ترسیل روکی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں پانی صاف کرنے والے سٹیشنز بھی بند ہو چکے ہیں اور اہم بنیادی ڈھانچے کا نظام تباہی کا شکار ہے۔
اسی سلسلے میں، انسانی امدادی مشن نے جنوبی غزہ کے کیمپوں اور پناہ گاہوں میں مقامی مارکیٹ کے ذریعے فوڈ کچنز اور عارضی بیکریوں کی مدد کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو کم از کم خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اور انتہائی خراب انسانی حالات میں ان کی تکلیف کو کم کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588806