ابوظہبی۔25مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے فلسطینی المقاصدہسپتال کو 64.5 ملین ڈالر مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر متحدہ عرب امارات نے مشرقی یروشلم کے المقاصد ہسپتال کے لیے 64.5 ملین ڈالر کی مالی امداد مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس امداد کا مقصد ہسپتال کے آپریشنل اخراجات، طبی عملے اور طبی سہولیات کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔صدارتی دفتر برائے ترقیاتی امور و شہداء کی فلاح کے نائب چیئرمین اور بین الاقوامی انسانی و فلاحی کونسل کے چیئرمین شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات فلسطینی عوام کی ہر سطح پر مدد جاری رکھے گا۔
اماراتی امدادی ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ الامارات بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر مشرقی یروشلم، غزہ اور دیگر اہم علاقوں میں صحت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ المقاصد ہسپتال ایک مرکزی طبی مرکز ہے جہاں دل کے آپریشن، بچوں اور ہڈیوں کے امراض، طبی تحقیق اور ہمہ گیر طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبرییسس نے بتایا کہ اس امداد سے ہسپتال کو ضروری ادویات، طبی سامان، امیجنگ سہولیات، زچہ و بچہ شعبے کی بہتری، اور 11 شعبہ جات میں 100 سے زائد ریزیڈنٹس کی تربیت ممکن ہو رہی ہے۔ہسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمر ابو زیدہ نے امارات کی مسلسل مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی مدد ہمارے لیے بے حد اہم ہےجس کی بدولت ہم اپنی خدمات مؤثر انداز میں جاری رکھ سکتے ہیں۔
المقاصد ہسپتال 1968 میں 20 بستروں کے ساتھ قائم ہوا تھااور آج اس کی گنجائش 250 بستروں سے زائد ہو چکی ہے جبکہ عملے کی تعداد 950 سے زیادہ ہے۔ ہسپتال کا تربیتی پروگرام 13 میڈیکل شعبہ جات میں ریزیڈنسی فراہم کرتا ہے، جسے فلسطینی اور اردنی میڈیکل کونسل کی منظوری حاصل ہے۔
اب تک 540 سے زائد سپیشلسٹ ڈاکٹرز اس پروگرام سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ہسپتال سالانہ یروشلم، مغربی کنارے اور غزہ سے آنے والے 66,000 سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576091