متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی مارکیٹ کا حجم 2023 میں 94 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

104
UAE
UAE

ابوظہبی۔12مارچ (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی مارکیٹ کا حجم 2023 میں 94 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا اور یہ مارکیٹ 2025 سے 2028 کے دوران 3 فیصد سے زائد کی سالانہ شرح نمو حاصل کرے گی۔یو اے ای کی نیوزایجنسی (وام)نے لندن سے تعلق رکھنے والی ڈیٹا تجزیاتی اور کنسلٹنگ کمپنی گلوبل ڈیٹا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اضافہ ٹرانسپورٹ اور قابل تجدید توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری میں اضافے اور الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں بہتری کی وجہ سے حاصل کیا گیاہے۔

رپورٹ کے مطابق رہائشی تعمیرات نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کی تعمیراتی مارکیٹ میں سب سے زیادہ حصہ حاصل کیا، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے اس توقع کے ساتھ اپنی ترقی کی رفتار جاری رکھی ہے کہ یہ شعبہ رواں سال 2024 کے دوران حکومت اور نجی شعبے کی طرف سے معیاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے آغاز کی مدد سے اچھی شرح نمو برقرار رکھے گا۔