متحدہ عرب امارات کی جانب سے نو ممتاز عالمی شخصیات کو ’’ فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید۔دوم‘‘سے نوازا گیا

80
President Sheikh Muhammad bin Zayed Al Nahyan
President Sheikh Muhammad bin Zayed Al Nahyan

نیویارک ۔27ستمبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے نو ممتاز عالمی شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں’’ فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید۔ دوم‘‘سے نوازا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان،نے نیویارک میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کوپ۔28 کی کامیابی پر 9ممتاز عالمی شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید۔ دوم سے نوازا۔ اعزازی تقریب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے مستقل مشن میں منعقد ہوئی۔

شیخ عبداللہ نے تمام وصول کنندگان سے ان کی مخلصانہ کوششوں کے لیے شکریہ ادا کیا جنہوں نے کوپ۔28 کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور اس کے نتیجے میں تاریخی ’’یو اے ای اتفاق رائے‘‘ہوا جو عالمی ماحولیاتی کارروائی کے لیے ایک کلیدی فریم ورک بن گیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے گزشتہ مئی میں ابوظہبی میں’’ کوپ۔28‘‘صدارت کے ایکشن پلان کی حمایت کرنے پر 21 بین الاقوامی عہدیداروں کو اعزاز سے نوازا تھا، جس کا مقصد عالمی ماحولیات کی تحریک کو بڑھانا اور پائیدار ترقی حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کئی عالمی عہدیداروں کا اعزاز دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جنہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے میں موثر شراکت کی ہے اور اہم نتائج کے حصول میں کثیر جہتی کوششوں کی فزیبلٹی کا مظاہرہ کیا ہے۔

وام کے مطابق اعزاز پانے والے عہدیداروں میں بارباڈوس کی وزیر اعظم میا موٹلی،ناروے کے وزیر خارجہ اسپن بارتھ ایڈ ،اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مائیکل بلوم برگ اور ڈیمیلولا اوگنبایائی،آئی بی ایم کے سی ای او اور چیئرمین ارویند کرشنا ،بینک آف امریکا کے سی ای او اور چیئرمین برائن موئےنیہن اور یو این فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ سیمون سٹیل شامل ہیں ۔