24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومتجارتی خبریںمتحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کی کمپنیوں کے گروپ نے پاکستان...

متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کی کمپنیوں کے گروپ نے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں 20سے 25ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔آباد

- Advertisement -

کراچی۔ 10 نومبر (اے پی پی):پاکستان کی تعمیراتی صنعت کے لیے اہم پیش رفت، متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کی رئیل اسٹیٹ کی کمپنیوں کے گروپ نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز(آباد)کے توسط اور معاونت سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں 20سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔چیئرمین آباد نے تعمیراتی شعبے میں 20سے 25ارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم اور آباد کے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔آباد سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصرحیات کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے گروپ کے وفد نے آباد ہائوس کا دورہ کیا۔

وفد میں متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ کمپنی المیررئیل اسٹیٹ بروکریج دبئی کے بانی وچیئرمین کریم عامرعلی،حبیبی گروپ کے چیئرمین حفیظ حبیبی، ڈائریکٹر سمیع ساجد،ریحان خان،کوآرڈینیٹر حبیبی گروپ افشاں خان،سی ای او مارک اسٹون ساجد صدیقی ودیگر کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین آصف سم سم،سینئر وائس چیئرمین ابراہیم ایس حبیب،وائس چیئرمین ذیشان صدیقی اور آباد ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

- Advertisement -

اس موقع پر پاکستان کے مشیر برائے گلف ممالک سردار قیصر حیات نے کہا کہ یو اے ای کے رئیل اسٹیٹ اداروں کی کراچی کی تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری سے نا صرف پاکستان کی معیشت کو ترقی ملے گی بلکہ پاکستان کے شہریوں کو عالمی معیار کی رہائشی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔ سردار قیصر حیات نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی پاکستان میں 25 ارب ڈالرز سے بھی زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن سہولت اور تحفظ کی یقین دہانی کراتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آباد پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈویلپرز کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو حکومت پاکستان کو تعمیراتی پالیسیاں بنانے میں بھی معاونت کرتی ہے۔سردار قیصرحیات نے کہا کہ پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بیرونی رئیل اسٹیٹ کے سرمایہ کاروں کے لیے آباد جیسا ادارہ ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آباد دبئی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔

اس موقع پر چیئرمین آباد آصف سم سم نے متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے گروپ کی جانب سے کراچی میں تعمیراتی شعبے میں 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔انہوں نے یو اے ای کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کو آباد کی جانب سے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آصف سم سم نے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور اربنائزیشن ک ے رحجانات سے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 12 ملین سے زائدرہائشی یونٹس کی کمی ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔اس موقع پر سمیع ساجد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں