ابو ظہبی۔24جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کی ایگزیکٹو کونسل نے جمعے کوورک فرام ہوم جبکہ جمعرات سے پیر تک ڈیوٹی آورز کو 7 گھنٹے کرنے کی منظوری دی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق عجمان گورنریٹ کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی کی زیر صدارت ہوا جس میں موسم گرما کے حوالے سے سماجی زندگی کو بہتر بنانے اور کارکنوں کو سہولت فراہم کرنے کےلیے ورکنگ آوورز میں کمی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
کونسل نے اوقاتِ کار میں کمی کے لیے نیا شیڈول جاری کیا ہے جس پر عمل درآمد کا آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا جو 22 اگست تک جاری رہے گا۔ یومیہ اوقات کار کو ایک گھنٹہ کمی سے 7 گھنٹے کردیا گیا ہے۔ سرکاری دفاتر میں کام کا آغاز صبح 7بج کر 30 منٹ اور چھٹی سہ پہر2 بج کر 30 منٹ پر ہو گی جبکہ جمعے کو ورک فرام ہوم کیا جائے گا۔ اوقات کار میں کمی کا مقصد لوگوں کو تعطیلات کے موقع پر یہ سہولت فراہم کرنی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ وقت گزارسکیں۔