34.9 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمتحدہ عرب امارات کی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید...

متحدہ عرب امارات کی غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

- Advertisement -

ابوظہبی۔20مئی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی میں واقع حمد پروسٹیٹک ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اس حملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے، اور خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت اور فوجی کشیدگی میں مسلسل اضافہ انسانی المیے کو مزید سنگین بنا سکتا ہے اور مزید جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتا ہے۔

وزارت نے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ طبی اداروں، سہولیات اور طبی عملے کا تحفظ ناگزیر ہے، اور اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ تنازع کے دوران ان پر کسی قسم کا حملہ نہ کیا جائے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فوری ترجیح شہری جانوں کا تحفظ ہے، اور غزہ کی پٹی تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور طبی سہولیات کی فوری، محفوظ، پائیدار اور بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانا لازم ہے۔

- Advertisement -

وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ علاقائی و بین الاقوامی سطح پر تمام کوششوں کو تیز کیا جائے تاکہ ایک سنجیدہ سیاسی حل کی راہ ہموار کی جا سکے جو دو ریاستی حل کے اصول پر مبنی ہو، اور جس کے تحت برادر فلسطینی عوام کی خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی خواہش کو بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599233

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں