25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمتحدہ عرب امارات کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت

متحدہ عرب امارات کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت

- Advertisement -

ابوظہبی۔6اگست (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی وزیر، ارکا ن پارلیمنٹ اور سرکاری حکام کے دھاوے کی شدید مذمت کی ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر کی جانب سے قابض پولیس کی نگرانی میں یہودی آبادکاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کے صحن پر دھاوے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک اشتعال انگیز اقدام اور ناقابل قبول انتہا پسندی قرار دیا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان اقدامات کی کھلے عام مذمت کرے، ذمہ داران کو کٹہرے میں لائے، اور بالخصوص حکومتی وزرا اور اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے جنہوں نے اس اقدام میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر حصہ لیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی انتہاپسندوں کی جانب سے مسلسل حملے اور نفرت انگیز بیانات ایک منظم انتہا پسندانہ مہم کا حصہ ہیں، جو نہ صرف فلسطینی عوام کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ خطے کے سماجی امن اور استحکام کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔

- Advertisement -

متحدہ عرب امارات نے اس بات پر زور دیا کہ مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا مکمل احترام کیا جائے، اور تمام مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، اردن کی ہاشمی حکومت کے اس کلیدی کردار کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا، جو کہ مسجد اقصیٰ کے اوقاف کی نگرانی اور انتظامی اُمور سنبھالنے کی قانونی و مذہبی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں