متحدہ عرب امارات کی 17 سالہ کوہ پیما فاطمہ عبدالرحمن العوادی نے یورپ کی بلند ترین چوٹی سر کرلی

55

ایلبرس، روس۔9جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی 17 سالہ نوجوان کوہ پیما فاطمہ عبدالرحمن العوادی نے یورپ کی بلند ترین چوٹی، ‘ماؤنٹ ایلبرُس (5,642 میٹر) سر کر کے سب سے کم عمر اماراتی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ یہ کامیابی ان کے عالمی چیلنج "سیون سمٹس” کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق گزشتہ برس فاطمہ نے افریقہ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ کلیمانجارو سر کی تھی، اور اب وہ روس میں اپنی دوسری بین الاقوامی مہم میں کامیاب ہوئیں۔ یہ مہم انتہائی سرد موسم اور کٹھن راستوں میں مکمل ہوئی، جس کے دوران انہوں نے اماراتی پرچم بلند کر کے ملک کا نام روشن کیا۔یہ کامیابی "فنانس ہاؤس” نامی ادارے کے تعاون سے ممکن ہوئی، جو اماراتی نوجوانوں کی سرپرستی کرتا ہے۔

فاطمہ نے اپنی یہ تاریخی کامیابی متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور ام الامارات، شیخہ فاطمہ بنت مبارک کے نام معنون کی، جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں اور خواتین کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی قیادت کی غیر متزلزل سرپرستی کے بغیر ممکن نہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارنامہ اُنہی رہنماؤں کی بدولت ممکن ہوا جنہوں نے ہمیں سکھایا کہ کوئی خواب ناممکن نہیں ہوتا۔فاطمہ العوضی نوجوان اماراتیوں کے خواب، حوصلے اور قیادت کی علامت بن کر ابھری ہیں۔ وہ نہ صرف ایڈونچر کی شوقین ہیں بلکہ رضاکارانہ سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کرتی ہیں، اور مستقبل میں ماحولیاتی تحفظ اور انسانی فلاح کے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا یہ مشن محض ذاتی کامیابی نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے کہ اماراتی اور عرب نوجوان، بالخصوص لڑکیاں، قیادت کرنے، دنیا کو دریافت کرنے اور مثبت تبدیلی لانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔اختتام پر انہوں نے اپنے اہل خانہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے انداز میں کہاکہ میری والدہ ڈاکٹر امل القبیسی میری طاقت اور سہارا ہیں، اور میرے مرحوم والد عبدالرحمن العوضی کی رہنمائی نے مجھے سکھایا کہ ہمت اور حوصلے کے ساتھ آسمان بھی سر کیا جا سکتا ہے۔