متحدہ عرب امارات کے تیل سے ہٹ کر شعبوں کی کارکردگی میں 2024 کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا،اوپیک

131
OPEC
OPEC

ابو ظہبی ۔11ستمبر (اے پی پی):تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک)نے کہا ہے کہ 2024 کے دوران متحدہ عرب امارات کی تیل کے شعبے سے ہٹ کر سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔وام نے اوپیک کی ستمبر کی (ماہانہ) رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ سیاحت کے شعبے میں جنوری سے جولائی کے دوران 10.62 ملین (1 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار)سیاح یواے ای آئے جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔

یواے ای کئی اقدامات کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے اپنی کشش میں بھی اضافہ کر رہا ہے جن میں غیر ملکی کمپنیوں کو ملکی کمپنیوں کی 100 فیصد ملکیت کی اجازت دینا، کاروبار کے قیام کی لاگت کو کم کرنا، ویزا اور شہریت کے ضوابط میں اصلاحات، ملازمت کی حفاظت اور مقامی قوانین کو اپ ڈیٹ کرنا شامل ہے۔