ابوظہبی۔28فروری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے فلوٹنگ ہسپتال نے پہلے سال میں 7,700 سے زیادہ فلسطینی مریضوں کا علاج کیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق مصر کے شہر العریش میں قائم متحدہ عرب امارات کے فلوٹنگ ہسپتال نے اپنے پہلے سال کے دوران غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو وسیع پیمانے پر طبی سہولیات فراہم کیں۔
ہسپتال نے 7,700 سےزیادہ مریضوں کا علاج، 2,700 سے زیادہ سرجریاں، 3,000 سے زائد فزیوتھراپی سیشن، اور 23 مصنوعی اعضا کی پیوند کاری مکمل کی۔یہ ہسپتال 24 فروری 2024 کو العریش پورٹ میں متحدہ عرب امارات کی انسانی ہمدردی کی مہم "آپریشن الفارس الشهم 3” کے تحت قائم کیا گیا، جس کی ہدایت صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے دی تھی۔
ہسپتال میں جدید سرجیکل اور انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) یونٹس، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ، اور لیبارٹریز شامل ہیں، جن میں 100 مریضوں کے لئے بستروں کی گنجائش موجود ہے، جبکہ ان کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں کے لئے بھی 100 اضافی بستر مختص کئے گئے ہیں۔ہسپتال میں اماراتی طبی اور انتظامی عملہ انڈونیشیائی میڈیکل ٹیم کے ساتھ مل کر 24 گھنٹے خدمات فراہم کر رہا ہے۔
گزشتہ سال کے دوران، ہسپتال نے پیچیدہ طبی کیسز پر کامیابی سے علاج کیا، جن میں شدید زخموں کے شکار مریضوں کے لئے لیپروسکوپک سرجری بھی شامل ہیں۔ہسپتال نے اپنی خدمات میں مزید توسیع کرتے ہوئے ایک جدید فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ قائم کیا، جو روزانہ 15 سرجریاں اور 25 فزیوتھراپی سیشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اب تک 3,000 سے زائد فزیوتھراپی سیشنز مکمل کئے جاچکے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567269