اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان دو روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان پہنچ گئے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے ہم منصب کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان20 سے 21 اپریل 2025 تک دو روزہ سرکاری دورہ پر پاکستان آئے ہیں ۔
یہ اعلی سطحی دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنے دورے کے دوران شیخ عبداللہ بن زید النہیان پاکستان کے نائب وزیر اعظم / وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا جن میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی تعاون، علاقائی سلامتی اور عوامی رابطوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ دورہ دونوں فریقوں کو باہمی دلچسپی اور تشویش کی علاقائی اور عالمی پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ نائب وزرائے اعظم کی اس سے قبل ملاقات 21 فروری 2025 کو ابوظہبی میں ہوئی تھی۔ شیخ عبداللہ بن زید النہیان وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ ملاقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کی توثیق کرے گی۔ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانے والے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584790