ابو ظہبی۔27نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ علاقائی پیش رفت بالخصوص غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اردو نیوز کے مطابق گزشتہ روز دونوں وزرائے خارجہ نے پائیدار جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا جس کا مقصد خطے میں دیرپا استحکام اور سلامتی کے لیے کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔
انہوں نے غزہ میں انسانی ہمدردی کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کی کوششوں، سوڈان کی صورتحال اور اس کے انسانی اثرات پر بھی بات چیت کی۔ اماراتی وزیر خارجہ نے مالدووا کے شہری زوی کوگان کے قتل میں ملوث تین مشتبہ افراد کی ریکارڈ وقت میں گرفتاری سے بھی آگاہ کیا۔