بیجنگ۔1اکتوبر (اے پی پی):دنیا کے متعدد ممالک میں چینی سفارت خانوں اور قونصل خانوں نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر قومی دن کی پر جوش تقریبات کا انعقاد کیا ۔ چینی میڈ یا کے مطا بق جرمنی میں چینی سفارت خانے نے قومی دن کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں سابق جرمن صدر ہورسٹ کوہلر اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے چار سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔
جرمنی میں چین کے سفیر وو گنگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ چین کی جدید یت کے راستے پر چین نے ہمیشہ جرمنی اور یورپ کو تعاون اور شراکت داری کے نقطہ نظر سے دیکھا ہے اور امید ہے کہ یورپ اور جرمنی چین کے ساتھ تعلقات کو "شراکت دار” کی ترجیحی پوزیشن برقرار رکھیں گے۔ جرمن مہمانوں نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں کی تعریف کی اور چین اور جرمنی کے دوستانہ تعاون کو مسلسل گہرا کرنے کی امید ظاہر کی۔
سابق جرمن صدر ہورسٹ کوہلر نے کہا کہ میں عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے اس کے قیام کے بعد سے گزشتہ 74 سالوں میں کی جانے والی ترقی، خاص طور پر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالنے میں چین کی کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، جسے ہر کوئی دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہے۔
تقریب میں جرمنی میں چینی سفارت خانے اور چائنا میڈیا گروپ کا تیار کردہ ویڈیو پروگرام "بیلٹ اینڈ روڈ” انیشی ایٹو کی 10 ویں سالگرہ: کنکٹیویٹی، مشترکہ تقدیر” کی پریمیئم تقریب بھی منعقد کی گئی۔