سیالکوٹ۔14مارچ (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام عباس نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے متعلقہ ادارے ایک ماہ میں ضلع بھر میں صفائی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ’’ستھرا پنجاب‘‘مہم جاری ہے جسےکا میاب بنانے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز فیلڈ میں مصروف عمل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ستھرا پنجاب مہم 31 مارچ تک جاری رہے گی۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت کھلی جگہوں سے کوڑے کے ڈھیر مکمل طور پر ختم کر دیئے جائیں گے۔ صفائی مہم کے دوران سبزی منڈیوں مارکیٹوں، بس ٹرمینلز اور قبرستانوں کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل اداروں کے افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ صفائی صرف نام کی نہ ہو بلکہ حقیقی ہونی چاہیے، متعلقہ ادارے خراب سیوریج اور ڈرینج کے مسائل حل کریں اور سڑکوں پر گڑھے ختم کئے جائیں۔
اس موقع پر چیف ایگزیگٹوآفیسر سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی)کاشف نواز رندھاوا نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے دوران کوڑا کرکٹ اور ملبے کے ڈھیر صاف کرکے لینڈ فل سائٹس منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ایک ماہ میں گنجان آباد یونین کونسلوں کو زیرو ویسٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور تمام زونز میں کل سے نئی مشینری و ٹرالیوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح بڑھائی جائے گی۔