اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز عید الفطر کے بعد وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی کے ممبران کو پیش کرنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ تیار کریں، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بذریعہ انٹرنیٹ ووٹ کااندراج اور کاسٹ کرنے کے لئے آئی ووٹنگ کا عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آئی ووٹنگ سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق،وفاقی وزیر برائے ریلوے سینیٹر اعظم سواتی،وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز،سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی،قائمقام چئیر مین نادرا بریگیڈ ئیر (ر)خالد لطیف،ڈائریکٹر جنرل (آ ئی ٹی) الیکشن کمیشن آف پاکستان خضر عزیزاور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے پروٹوٹائپ کی تیاری سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آئی ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین جیسی جدید ووٹنگ ٹیکنالوجی سے الیکشن نتائج جاری کرنے میں تیزی اور شفافیت آئے گی،پارلیمنٹیرینز اور سیاسی جماعتوں کے ممبروں کو آئندہ عام انتخابات میں ای وی ایم کی حمایت کے لئے شامل کریں گے،انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ای وی ایم ، بائیو میٹرک تصدیق مشینیں اور آئی ووٹنگ سسٹم جلد بنانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر اور ای سی پی کے ممبران سے مشورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔قائمقام چئیر مین نادرا بریگیڈئیر (ر)خالد لطیف نے شرکاء کو یقین دلایا کہ نادرا آئی ووٹنگ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔