متعلقہ شراکت داروں کی شمولیت کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

147
متعلقہ شراکت داروں کی شمولیت کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ متعلقہ شراکت داروں کی شمولیت کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں کہی جس میں ڈیری کی صنعت کو درپیش چیلنجوں اور پالیسی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ڈیری شعبہ کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں معروف ڈیری کمپنیوں کے اہم شراکت داروں نے شرکت کی جن میں لیڈ کمپنی کے عثمان ظہیر احمد، فوجی فوڈز لمیٹڈ کے سید کاشان حسن، اینگرو پاکستان لمیٹڈکے عمران حسین، اینگرو پاکستان لمیٹڈ کے وقار احمد شیخ، نیسلے پاکستان کے احمد عمر، حلیب فوڈز لمیٹڈکے نور آفتاب اور ٹیٹرا پیک پاکستان لمیٹڈ کے ڈاکٹر ایم ناصرشامل تھے۔ اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے صدر اجے بانگا سے ڈیووس میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات پر روشنی ڈالی اوربتایاکہ عالمی بینک کے صدر کے ساتھ غذائیت و خوراک کی سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے دواہم امورپربات ہوئی ہے۔

انہوں نے غذائی ضروریات میں معیاری ڈیری مصنوعات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے خوراک کے تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کو دہرایا۔ وزیر خزانہ نے شرکا کو آمدہ بجٹ پر مشاورتی عمل کے بارے میں آگاہ کیا اور اس حوالہ سے کاروباری برادری کی تجاویز کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ تمام شراکت داروں کی شمولیت کاروبار دوست پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کی کاروباری برادری کے ساتھ فعال رابطے کو سراہا اور حکومت کی شفاف اور پائیدار نمو پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے ڈیری شعبہ کی حمایت کے عزم پر اعتماد کا اظہار کیا۔فریقین نے ڈیری انڈسٹری کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور معیشت میں اس کے مثبت کردار کو فروغ دینے کیلئے باہمی مکالمے اور تعاون کو جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔