فیصل آباد ۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ شفافیت کے فروغ اور ٹیکس فراڈ کی روک تھام کےلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کوششیں بروقت ہیں ، متوازن ٹیکس سسٹم کےلئے سیلز ٹیکس کی جعلی انوائسز کا خاتمہ ضروری ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کے چیف فنانشل آفیسرز پر ٹیکس ریٹرن کےساتھ ساتھ ماہانہ بنیاد پر بیان حلفی جمع کرانے کی شرط سے کاروباری ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو چیمبر اور تجارتی تنظیموں کی مشاور ت سے اِن مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کا منتخب ادارہ ہونے کے حوالے سے ہم ایف بی آر سے بہتر رابطوں کے ذریعے ان مسائل کا قابل عمل حل تلاش کرنا چاہتے ہیں تاکہ شفافیت کے ساتھ ساتھ کاروبار کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514391