کوئٹہ۔ 05 جولائی (اے پی پی):کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمن خان نے کہا ہے کہ نصیرآباد ڈویژن میں متوقع مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ڈویژن بھر کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز عوام کے بہترین مفاد میں اقدامات کررہے ہیں ،شہر کے تمام بند نالوں ،سندھ بلوچستان قومی شاہراہ اور ریلوے ٹریک پر واقع پلوں کی صفائی کا عمل جاری ہے تاکہ بارشوں کے پانی کو اخراج کا راستہ دیا جا سکے تمام کینال سسٹم اور اس کی زیلی شاخوں سمیت ڈرینج سسٹم ،ذیلی شاخوں کے پشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے کام جاری ہے ۔
کمشنر نصیرآباد معین الرحمن خان نے کہا کہ ڈویژن بھر کے تمام اضلاع میں ممکنہ سیلا کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹینٹ سٹی قائم کرنے کے لیے مختلف جگہوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ کٹھن حالات کی صورت میں عوام کو سٹی میں شفٹ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت کی ٹیموں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے ،تمام تحصیل ہسپتالوں بی ایچ یوز، آر ایچ سیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو الرٹ کیا گیا ہے اور انکی چھٹیوں کو بھی منسوخ کیا گیا ہے ۔معین الرحمن خان نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل کو برو کار لایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=482037