مثالی امن کوئی ایک قوم یا ملک انفرادی طور پر قائم نہیں کر سکتا۔ یہ صرف آزادی کی قدروں، اجتماعیت، ہم آہنگی، تمام معاشروں کا ایک دوسرے کی تہذیب و تمند کو سمجھنا اور ان کی عزت کرنے سے ہی ممکن ہو سکتا ہے ، نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کو آرڈینیٹر خالق داد لک کا یوم عالمی امن پر پیغام

100

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نیشنل کو آرڈینیٹر خالق داد لک نے کہا ہے کہ مثالی امن کوئی ایک قوم یا ملک انفرادی طور پر قائم نہیں کر سکتا۔ یہ صرف آزادی کی قدروں، اجتماعیت، ہم آہنگی، تمام معاشروں کا ایک دوسرے کی تہذیب و تمدن کو سمجھنا اور ان کی عزت کرنے سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی دن برائے امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 21 ستمبر کو امن کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد بقائے باہمی اور امن قائم کرنے والے اداروں اور سرگرم کارکنوں کی کاوشوں کو سراہنا ہے۔ گزشتہ چند دہائیوں سے دنیا کو کثیر الجہتی معاشی، معاشرتی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس میں شدت پسندی اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ سرفہرست رہا ہے۔ اس بات کا احساس بڑھتا جا رہا ہے کہ یہ سب مسائل ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ لہذا ہم آہنگی اور پر امن زندگی کا حصول نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ یہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب معاشرتی اور حکومتی سطح پر باہمی تعاون اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے اور یہی ”امن کی تشکیل ایک ساتھ“ اس سال کے عالمی دن برائے امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ پیغام اس بات کا احاطہ کرتا ہے کہ مثالی امن کوئی ایک قوم یا ملک انفرادی طور پر قائم نہیں کر سکتا۔ یہ صرف آزادی کی قدروں، اجتماعیت، ہم آہنگی، تمام معاشروں کا ایک دوسرے کی تہذیب و تمدن کو سمجھنا اور ان کی عزت کرنے سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لاتعلقی اور علیحدگی ختم کر کے متحد معاشرے کا قیام ہونا چاہیے جس میں شدت پسند عناصر کا اثر و رسوخ ممکن نہ ہو۔ آج کے دن میں تمام عالمی برادریوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آیئے پر امن دنیا کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیں۔