مثالی سروسز کی فراہمی کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے،ڈپٹی کمشنرملتان

80

ملتان ۔ 15 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹر اور ای خدمت مرکز میں مثالی سروسز کی فراہمی کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ،اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اراضی ریکارڈ سنٹرز کی کڑی انسپکشن کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاچانک اراضی ریکارڈ سنٹر متی تل اور ای خدمت مرکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔محمد علی بخاری نے اس موقع پر رجسٹریشن و پراپرٹی انتقالات کا جائزہ لیا اور پڑتال کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر نے سروسز ڈیلیوری پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں کیونکہ ای خدمت مرکز عوامی ریلیف کا ذریعہ ہے ۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور سروسز بارے دریافت کیا،محمد علی بخاری نے ریکارڈ کی انسپکشن کی اور مخلتف شعبے دیکھے۔انہوں نے کہا کہ ای خدمت مرکز عوام کو ایک چھت تلے مثالی سہولیات فراہم کررہا ہے،جدید سنٹر میں تمام پراپرٹی ریکارڈ فراہمی سمیت مخلتف محکوموں کی سروسز بھی دی جارہی ہیں۔