مثبت قومی تشخص کو اجاگر کرنے میں اسٹیٹ میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان

142
وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان اور پی آئی او مبشر حسن کی سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

کوئٹہ۔22مئی (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان نے کہا ہے کہ مثبت قومی تشخص کو اجاگر کرنے میں اسٹیٹ میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ، پی آئی ڈی، پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے مابین موثر رابطہ کاری کو فروغ دیکر انتظامی امور کو سہل اور فراہم کردہ سروسز میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ریجنل سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ریجنل ہیڈ عبدالمنان خان بھی موجود تھے ۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ریڈیو پاکستان کے نئے ڈیجیٹل ٹرانسمیٹر کی تنصیب کے منصوبے بھی شامل ہیں ، ان منصوبوں کی تکمیل سے ریڈیو کے سامعین کو مصدقہ معلومات پر مبنی معیاری نشریات سننے کو ملیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قائم سرکاری میڈیا کے ریجنل دفاتر کے مسائل کا جائزہ لیکر ان کے حل کے لئے متعلقہ انتظامی سربراہان کو ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے تاہم مقامی سطح پر اسٹیٹ میڈیا کے مقامی ذمہ داران باہمی رابطہ کاری کو مؤثر بناکر دستیاب وسائل کے تحت لاجسٹک و انتظامی معاملات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں ۔ اجلاس میں پی آئی ڈی بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالمنان ، پی ٹی وی کے جنرل منیجر ، ریڈیو پاکستان کے اسٹیشن ڈائریکٹر انیس الرحمن اور اے پی پی کے بیورو چیف نذر محمد بلوچ نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات کو اپنے اپنے اداروں سے متعلق بریفنگ دی۔