مجرمانہ ریکارڈ یافتہ افراد پر کڑی نظر رکھیں ،کار اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت

87
مجرمانہ ریکارڈ یافتہ افراد پر کڑی نظر رکھیں ،کار اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)آپریشنز محمد شعیب خان نے تمام ایس ایچ او صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں اور پٹرولنگ میں اضافہ کریں ،کار اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنی زیر صدارت کرائم کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کیں۔

اجلاس میں تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ ایس ایس پی آپریشنز نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پہلے سے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں اور پٹرولنگ میں اضافہ کریں۔ ایس ایس پی شعیب خان نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

مزید برآں تمام اشتہاری مجرموں، عادی مجرموں اور عدالتی مفرور افراد کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔ ایس ایس پی محمد شعیب خان نے پولیس ٹیموں کو ہدایت کی کہ کار اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں، منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔