مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو کا توانائی پر براہ راست انحصار ہے، چیئرمین متبادل توانائی ترقی بورڈ

239

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) متبادل توانائی کی ترقی کے بورڈ کے چیئرمین امجد علی اعوان نے کہا ہے کہ مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو کا توانائی پر براہ راست انحصار ہے، توانائی کے شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متبادل توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانا ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں قابل تجدید توانائی کی پالیسی سے متعلق مشاورت ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امجد علی اعوان نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت فی کس توانائی کی کھپت 400 سے 500 کلوواٹ ہے جو دیگر ممالک کے مقابلہ میں کم ہے۔ قابل تجدید توانائی کاشعبہ پاکستان میں توانائی کے مسائل سے نمٹنے میں اہم کردارادا کرسکتا ہے۔ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان وسائل سے ہمیں استفادہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گردشہ قرضہ کا مسئلہ بھی بڑھتا جا رہے، اس کے علاوہ بجلی کی ترسیل ، گرڈ سٹیشنز، بجلی کے نقصانات اور سستی بجلی کے حصول کی طرف بھی تیزی کے ساتھ بڑھنے کی ضرورت ہے۔