مجھے نوجوانوں سے بڑی توقعات ہیں ، ملک کی خوشحالی میں ان کا بڑا کردار ہوگا، گورنرسندھ

88

کراچی۔ 30 مئی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، مجھے اپنے نوجوانوں سے بڑی توقعات ہیں،مستقبل میں ملک و قوم کی باگ دوڑ نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے ،پاکستان کی خوشحالی میں نوجوانوں کا بڑا کردار ہوگا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس سے جمعرات کو سندھ مدرستہ الاسلام کے پانچویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر ،فیکلٹی ڈین ، پروفیسر ز، اساتذہ ، طالب علموں کے والدین سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ تاریخی تعلیمی ادارہ کے کانوکیشن میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے،یہی سے بانی پاکستان محمد علی جناح نے تعلیم حاصل کی، آج اس تاریخی دن میں مدرستہ اسلام میں آئی ٹی لیب بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب خوش نصیب ہیں جو اس عظیم درس گاہ سے تعلیم حاصل کی،بالخصوص طلباان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ طالب علموں کی کامیابی ان کے والدین کی محنت کا ثمر ہے۔ طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ آج آپ عملی زندگی میں داخل ہونے جارہے ہیں،اس موقع پر آپ کو کچھ نصیحت کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیشہ والدین کا خیال رکھیں،ان کی دعائیں آپ کو ہر مشکل سے نکال سکتی ہیں،میری دعا ہے کہ آپ سب ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ، جنرل عاصم منیر کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے ایس آئی ایف سی کے تحت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت دی کیونکہ ہمیں آج معاشی بحران بھی ٹھیک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تقسیم سے ہمیں نو مئی جیسے واقعات سے گزرنا پڑا ،نو مئی واقعہ کے بعد ملک دنیا کی نظر میں پیچھے چلا گیا ،ہمیں ایک پاکستانی بن کر اس وطن کی اہمیت کو پہچاننا ہے،آج اگر آزادی کی قدر پوچھنی ہے تو فلسطینیوں سے پوچھو۔ انہوں نے کہا کہ عرب ممالک سے بھرپور سرمایہ کاری آ رہی ہے۔