محتسب پنجاب کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زائد قیمتوں،ناقص اور مضر صحت اشیا کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری

6

لاہور۔23جون (اے پی پی):دفتر محتسب پنجاب نے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے صوبے بھر میں زائد قیمتوں،ناقص اور مضر صحت اشیا کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اقدامات کئے ہیں۔ محتسب پنجاب کی ہدایت پر مختلف شہروں اور علاقوں میں انسپکشن اور موقع پر حقائق کی تصدیق کے بعد کارروائیاں کی گئیں۔یہ آپریشنز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے محتسب پنجاب کی ہدایات پر کئے،جن کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیا مرغی، مچھلی، گوشت، دودھ، انڈے، کوکنگ آئل، مشروبات اور تلی ہوئی اشیا کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کئی مقامات پر نرخوں کی خلاف ورزی اور ناقص اشیا کی فروخت سامنے آئی،جس پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر6 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

مزید برآں ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں صفائی کی ناقص صورتحال اور غیر محفوظ کھانے کی فراہمی پر بھی سخت کارروائی عمل میں لائی گئی،ایسے مقامات پر بھی جرمانے عائد کیے گئے جہاں ماحولیاتی آلودگی اور صفائی کی ناقابلِ قبول حالت پائی گئی۔دفتر محتسب پنجاب کے ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور مناسب نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ محتسب پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ گرانفروشی، ملاوٹ اور ناقص اشیا کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے، ان فوری اور موثر اقدامات کو عوامی سطح پر سراہا گیا ہے جبکہ شکایت کنندگان نے دفتر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے کہ ان کی شکایات پر بر وقت عملدرآمد ہوا اور عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہوا۔