محرم الحرام، ربیع الاول اور دیگر مواقع پر امن و امان برقرار رکھنے کےلیے ادارہ تبلیغ الاسلام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، کمشنر پشاور

2

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ محرم الحرام، ربیع الاول اور دیگر مواقع پر امن و امان برقرار رکھنے کےلیے ادارہ تبلیغ الاسلام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، محرم الحرام کے دوران ادارہ تبلیغ الاسلام سمیت تمام مکتبہ فکر کے جلسوں اور جلوسوں کے لیے یکساں سیکورٹی اور انتظامی انتظامات کئے جائیں گے، محرم الحرام کے دوران تمام متعلقہ اداروں کے اہلکار اور افسران سپریم کمانڈ پوسٹ میں ڈیوٹیوں پر موجود رہیں گے، انشاللہ ماضی کی طرح امسال بھی باہمی اتحاد اور اتفاق سے محرم الحرام بخیریت و عافیت اختتام پذیر ہوگا اور تمام مکتبہ فکر کے افراد کے مثالی تعاون سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سید ظاہر علی شاہ کی سربراہی میں ادارہ تبلیغ الاسلام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ڈپٹی کمشنر پشاور، چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس پی، ایس پی سٹی پشاور، ڈائریکٹر ریسکیو 1122، ایکسیئن واپڈا، بلدیاتی اداروں کے افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران موجود تھے۔ اجلاس میں ادارہ تبلیغ الاسلام کی جانب سے ان کے جلسوں اور جلوسوں کا شیڈول انتظامیہ کے حوالے کیا گیا جس کی مناسبت سے انتظامات کےلیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ تبلیغ الاسلام کے سربراہ سید ظاہر علی شاہ نے ان کے جلسوں اور جلوسوں کےلیے انتظامات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کا شکریہ ادا کیا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کےلیے ہمیشہ ادارہ تبلیغ الاسلام نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا اور امسال بھی ان کی جانب سے مثالی تعاون کی امید ہے،انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام تر اقدامات کی وہ براہ راست نگرانی کریں گے، کسی بھی مسئلہ کی صورت میں براہ راست ان سے رابطہ کیا جائے۔