محرم الحرام جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کیا جائے رہا ہے،عمران شوکت

ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کی زیر صدارت پولیس لائن کے شہید حامد شکیل ملٹی پرپز ہال میں محرم الحرام میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کی زیر صدارت پولیس لائن کے شہید حامد شکیل ملٹی پرپز ہال میں محرم الحرام میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، کمانڈنٹ چلتن رائفلز FCنارتھ بلوچستان ،ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمدآصف ،ایف سی سکیٹر کمانڈرز ، ایریا ایس پیز، ڈی ایس پی سیکورٹی آصف حسین، علماء کرام و معززین ڈاکٹر عطاء لرحمن جامعہ عبدالعزیز کے قاری عبدالراحمن نورزئی جامعہ سفیر مسجد ، انوار الحق حقانی مرکزی جامعہ مسجد سورج گنج بازار ، علامہ شہزاد عطاری میاں اسماعیل مسجد وفا روڈ ، مفتی محمود احمد جامعہ مسجد قندہاری ، قاری عبدالرحمن عید گاہ طوغی روڈ ، پیر اسماعیل مجددی پیر عبدالخیر روڈ ، قاری عبدالحفیظ سنڈیمن ہائی سکول مسجد ، علامہ سید ہاشم موسوی امام بارگاہ کلاں ،علامہ شیخ جمعہ اسدی جامعہ امام صادق ، عاشق حسین صدر شیعہ کانفرنس ، امیر مختیار میر شیعہ کانفرنس ، کاظم علی شیعہ کانفرنس اورعبدالرحیم کاکڑصدر انجمن تاجران ودیگر عہدیداروں ،ٹکری عبدالحمید بنگلزئی ، حضرت علی اچکزئی ، حسن آغا ، اصغر علی گلزری ، رحیم آغا ، امرالدین آغا ، عمران ترین جلوس کے روٹ کے علاقہ سابقہ ناظم و سماجی کارکن میر اسلم رندکے علاوہ دیگر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے افسرا ن شریک تھے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پرعملدرآمد کیا جا رہا ہے۔محرم الحرام کے سلسلے میں مجالسِ ، جلوسوں و دیگر حساس مقامات پر ڈسٹر کٹ پولیس کے علاوہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار نگرانی کرینگے۔ سیکورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکورٹی کا نظام مضبوط کیا جائے گا  انہوں نے کہا کہ یہ شہر و صوبہ ہمار ا ہے یہاں مختلف مکاتب فکر کے لوگ آباد ہیں۔محرم الحرام کا مہینہ ہمیں یگانگت بھائی چارے اور سب سے بڑھ کر صبر کا درس دیتا ہے ہم پر امن لوگ ہیں اور پرعزم ہیں کہ یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے عملی نمونہ پیش کرتے رینگے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ امام بارگاہوں ، مجالس کے مقامات پر فورس کے جوانوں سمیت نصب سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی اور عاشورہ کے جلوس کے دوران شہر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے جلوس کے راستوں پر دکانوں کو سیل کرنے اور جلوس کے موقع پر ان کے ساتھ ہونگے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے بتایا کہ تما م ضروری محکموں صحت ، پی ڈی ایم اے ، واسا کیسکو ، سوئی سدرن گیس ، فائر برگیڈ اور کوئٹہ سیف سٹی کے نمائندے بمعہ ضروری آلات ، مشنری و ادویات کے ساتھ ڈپٹی کمشنر آفس میں موجود رہیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ شہادت حضر ت امام حسین کی قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شہدا ء کربلا کی اسلام کی سربلندی کے لئے قربانی اخوت و بھائی چارے او اتحاد کا درس دیتی ہے۔علمائ کرام نے اس عز م کا اعادہ کیا کہ امام بارگاہ ہوں اور مساجد کی سطح کے علاوہ محلوں اور علاقوں کی سطح پر بھی گروہی منافرت کے بیج بونے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں گے۔ علماکرام نے اس امر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور یوم عاشور کے جلوس کی سیکورٹی اور پرْامن اختتام ہونے تک ہر ممکن تعاون رہے گا۔

مزید خبریں