کراچی۔ 25 جون (اے پی پی):کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام عقیدت و احترا م سے منایا جاے گا۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محرم الحرام کے انتظاما ت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔اجلاس میں کراچی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پرپولیس،رینجرز اور متعلقہ اداروں کے تعائون سے جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جاے گی۔کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے انتظامات علماء کرام، مذہبی رہنمائوں اور منتظمین کے رابطہ سے مکمل کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو ہنگامی منصوبوں کی تفصیلات پیش کر تے ہوئے بتایا کہ اپنے اپنے ضلع میں منتظمین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ضروری رابطہ اور رہنمائی کے لئے کنٹرول روم بنائے گئے ہیں جبکہ عاشورہ محر م کے موقع پر مرکزی جلوس کے انتظامات کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جار ہی ہے۔کمشنر کراچی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متبادل ٹریفک روٹس ، صفائی ستھرائی، شہری سہولیات کی فراہمی ،سڑکوں کی مرمت ،پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے ترجیحی اقدامات کریں ۔انہوں نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ جلوس اور مجالس کے مقاما ت پر لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں۔
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ضروری انتظامات متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے رابطہ سے کریں۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز،ٹریفک پولیس، سیکوٹی ادارروں کے سینئر افسران، بلدیہ عظمی، ٹائون ایڈمنسٹریشن، واٹر کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔