محرم الحرام میں امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے، ڈی ایس پی سمبڑیال

45

سمبڑیال۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈی ایس پی سمبڑیال سجاد احمد باجوہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو قومی خبررساں ادارے اے پی پی سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن امان کی فضا کو برقرار رکھنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

محرم الحرام میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھا جائے گا اور شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں، جلوسوں اور حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہے، پولیس سی سی ٹی وی کیمروں ،واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے سکیورٹی کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے اور کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی یا کسی شخص کی مشکوک حرکت پر مقامی پولیس کو اطلاع دیں ۔