محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیےاہم اجلاس کا انعقاد

4

شورکوٹ ۔ 24 جون (اے پی پی):محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ر بلال افتخار کیانی اور پاک آرمی کے افسران کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس ضلعی افسران،امن کمیٹی، لائسنس داران، جلوس و مجالس کے منتظمین اور پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا، ممکنہ چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں، عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، لہٰذا تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔

اجلاس میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران ہم آہنگی برقرار رکھنے، باہمی احترام کے فروغ اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ ناگزیر ہے۔ تمام مکاتب فکر کے علماء اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ایک مثبت پیغام دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جھنگ پولیس محرم الحرام میں قیام امن کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور تیار ہے، کسی بھی قسم کی شرانگیزی یا فساد کی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا۔