پشاور۔ 28 جون (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں دس دن بازار بندش کی خبریں من گھڑت ہیں، حیات آباد بندش کی خبریں بھی من گھڑت ہیں، بازار ماضی کی طرح صرف آخری دو دن اور جلوسوں کے راستوں میں آنے والے بازار جلوس کے وقت بند ہوں گے، عوام کی سہولت کے لیے اندرون شہر پولیس ناکوں پر مقامی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، اندرون شہر کے لوگ شناختی کارڈ دکھا کر اپنے علاقوں میں جاسکیں گے، محرم الحرام کے دوران اہل تشیع سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد اپنے جلسے مقررہ وقت پر شروع کرنے اور ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا.
اجلاس میں مئیر پشاور حاجی زبیر علی،ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر، ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور تاجران پشاور کے وفد نے ملک مہر الٰہی، سید ظاہر علی شاہ اور شرافت علی مبارک کی سربراہی میں شرکت کی۔ اجلاس میں قصہ خوانی بازار کی خوبصورتی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور تاریخی حیثیت کی بحالی کےلئے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔قصہ خوانی بازار کے تاجر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔اس موقع پر تاجروں کی جانب سے محرم الحرام میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کا اعلان کیا گیا۔