محرم الحرام کی آمد سے قبل سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری

3

ننکانہ صاحب۔ 25 جون (اے پی پی):ضلعی پولیس کی طرف سے ضلع بھر میں ماہ محرم الحرام کی آمد سے قبل سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری۔ ڈی پی او ننکانہ نے ضلع بھر میں مرکزی امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کے وزٹ کیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ کے ہمراہ سٹی ننکانہ میں مرکزی امام بارگاہ کا وزٹ کیا۔ مرکزی جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی انتظامات و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے امن کمیٹی ممبران کے ہمراہ منتظمین سے ملاقات کی اور ماہ محرم الحرام میں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

دوسری جانب ڈی پی او نے شاہکوٹ میں دربار حضرت ابو الخیر المعروف بابا نو لکھ ہزاری رحمتہ علیہ کے دربار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی پی او نے شاہکوٹ، سانگلہ ہل، موڑ کھنڈا اور واربرٹن میں بھی ممبران امن کمیٹی، منتظمین اور تاجر برادری سے میٹنگز کیں۔ ماہ محرم الحرام کو پر امن بنانے کے لیے کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ممبران امن کمیٹی اور منتظمین کے ہمراہ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس چیک کیے۔ ڈی پی او نے منتظمین کو فول پروف سیکیورٹی اور پولیس تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ڈی پی او سید ندیم عباس کا کہنا ہے کہ ماہ محرم الحرام کو پر امن بنانے کے لیے ضلعی پولیس کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جا چکا ہے۔

تمام علمائے کرام، تاجر برادری، منتظمین ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس کیساتھ رابطے میں ہیں۔ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں اور محافل کے پر امن انعقاد کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں یقینی بنایا جائیگا۔