گجرات۔ 17 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے 10 محرم الحرام کے موقع گجرات اور لالہ موسی میں مرکزی جلوس روٹ کا دورہ کیا۔ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ ، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں زوہیب ممتاز، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن گجرات ملک ابرار ان کے ہمراہ موجود تھے انہوں نے روٹ کلیئرنس سمیت صفائی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ محرم الحرام بالخصوص عاشورہ کے موقع ضلع بھر میں 42 جلوس برآمد ہوئے، اے گیٹگری کے 4، بی کے 9 اور سی گیٹگری کے 29 جلوس برآمد ہوئے، اسی طرح 10 محرم الحرام کے دن 34 مجالس برپا ہوئیں جن میں سے اے گیٹگری کی 2، بی گیٹگری 10، اور سی گیٹگری کی 22 مجالس شامل تھیں۔
لالہ موسی میں مرکزی جلوس روٹ کے دورہ کے موقع پر انکے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی سید مدد علی شاہ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہاکہ برآمد ہونے والے جلوسوں و مجالس کی سیکورٹی کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان وضع کیا گیا ہے، تمام روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے، روٹ کلئیرنس کے ساتھ ساتھ صفائی، نکاسی آب ، سیوریج لائنوں کی صفائی یقینی بنائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ جلوس کے شرکاء کو حکومت پنجاب کی طرف سے کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے،
تمام جلوسوں ، مجالس کے روٹس پر میٹھے پانی کی سبیل لگائی ہے، میونسپل کمیٹیز کنجاہ، جلالپور جٹاں، سرائے عالمگیر، لالہ موسی، کھاریاں، ڈنگہ میں سبیل لگائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں و مجالس کے لیے روشنی کا انتظام کیا گیا ہے ، بجلی جانے کی صورت میں بیک اپ جرنیٹر فراہم کئے گئے ہیں، تمام ایمرجنسی ادارے الرٹ ہیں، جلوس کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹیز کے ملازمین، واپڈا، سوئی گیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے اہلکار تعینات ہیں۔ تمام تر معاملات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔