محرم الحرام کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم

چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین آفس میں محرم الحرام کے انتظامات کے جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا

حیدرآباد۔ 16 جون (اے پی پی):چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین آفس میں محرم الحرام کے انتظامات کے جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رئیس حبیب خان مری، حسین عباس چغتائی، سید محسن علی شاہ، سید کرم علی شاہ، ڈاکٹر عابد رسول ہاشمی، چیف میونسپل آفیسر ملک عبد الحمید، حیسکو نمائندہ فہیم کمانڈو، تنویر رانجھانی، علی بوزدار، یونس خاصخیلی سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح رواں سال بھی محرم الحرام کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ شہر کی تمام امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی ، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے، تمام عملہ الرٹ ہے جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے میونسپل کمیٹی کا دفتر ہر وقت فعال رہے گا۔اس موقع پر سفینہ اہل بیت علیہم السلام کے سربراہ رئیس حبیب خان مری نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صفائی، جلوسوں کے روٹس اور دیگر مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے بروقت اقدامات کیے گئے ہیں اور بیشتر کام مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ کام بھی جلد مکمل کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں تمام اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے ایام پرامن انداز میں گزارے جا سکتے ہیں۔ عزا خانہ زہرا سلام اللہ علیہ کے مہتمم حسین عباس چغتائی نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے صفائی ، جلوسوں کے روٹس اور دیگر انتظامات کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کا سلسلہ صدیوں سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ متعلقہ ادارے بروقت کارروائی کرسکیں۔