چین نے امن پسند ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جاپان کے غیر ذمہ دارانہ طور پر فوجی طاقت بڑھانے کے نئے نظریے کے بارے میں انتہائی چوکنا رہیں اور انہیں روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں
جاپان فوجی طاقت میں دوبارہ تیزی سے اضافہ کر رہا ہے ،چین

مزید خبریں
بیجنگ۔16جون (اے پی پی):چین نے امن پسند ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جاپان کے غیر ذمہ دارانہ طور پر فوجی طاقت بڑھانے کے نئے نظریے کے بارے میں انتہائی چوکنا رہیں اور انہیں روکنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ شنہوا کے مطابق یہ بات چین کی وزارتِ قومی دفاع کے ترجمان چھن شی نے منگل کو جاپان کی جانب سے چین کو غیر معمولی اور سب سے بڑا سٹریٹجک چیلنج قرار دینے اور ساتھ ہی طویل فاصلے تک مار کرنے والی عسکری صلاحیتوں کے حصول سے متعلق سوال کے جواب میں کہی۔ ترجمان چینی وزارت دفاع نے کہا کہ جاپان مسلسل نام نہاد چینی فوجی خطرے کا بیانیہ پھیلا رہا ہے تاکہ دانستہ طور پر محاذ آرائی کو ہوا دی جا سکے اور بڑے پیمانے پر فوجی طاقت بڑھانے کے لیے جواز پیدا کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان فوجی طاقت میں دوبارہ تیزی سے اضافہ کر رہا ہے اور اس عمل کے نتیجے میں وہ ایشیا بحرالکاہل کے خطے کے لیے بارود کا ڈھیر بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جاپان نے دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافہ کیا ہے، مہلک ہتھیاروں کی برآمد پر عائد پابندیوں میں نرمی کی ہے اور درمیانے و طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی کو بھی آگے بڑھایا ہے۔ چینی ترجمان نے کہا کہ امن پسند ممالک کو جاپان کے فوجی طاقت بڑھانے کے نئے نظریے کو دنیا میں دوبارہ تباہی پھیلانے سے روکنے کے لیے متحد ہونا چاہیے اور دوسری جنگِ عظیم کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام اور دیرپا عالمی امن کا دفاع کرنا چاہیے۔








